Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز میچ میں ملتان سلطانز کو شکست دیدی

دبئی: پاکستان سپرلیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے احمد شہزاد اور کماراسنگاکارا نے اننگز کا آغاز کیا۔ محمد نواز نے پہلی ہی گیند پر سنگاکارا کو پویلین واپس بھیج دیا۔دوسرے ہی اوور میں انور علی نے احمد شہزاد کو پانچویں گیند پر آوٹ کردیا ، صہیب مقصود اور سہیل تنویر نے 38 رنز کی شراکت قائم کی۔سہیل تنویر 19 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شین واٹسن کا شکار بنے لیکن صہیب مقصود نے اپنی اننگز کو جاری رکھا اور کپتان شعیب ملک کے ساتھ ملکر 40 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران صہیب بین لافلین کی گیند پر27 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔شعیب ملک اور روس وائیٹلی نے اننگز کو مزید آگے بڑھایا لیکن 119 رنز ر پر وائیٹلی 16 رنز بناکر راحت علی کا شکار بنے لیکن شعیب ملک ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری لمحات تک وکٹ پر موجود رہے اور ٹیم کو بڑا اسکور دینے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 152رنز تک پہنچا دی۔جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔کوئٹہ کے اسد شفیق اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا اور 48 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن دونوں عمر گل کا شکار بنے۔ آخری لمحات میں انور علی اور محمد نواز نے عمدہ کھیل پیش کیا لیکن وہ دونوں ہی 19ویں اوور میں عمر گل کا شکار بن گئے۔ آخری اوور میں کوئٹہ کو جیت کےلئے 9 رنز درکار تھے جبکہ ملتان کی جانب سے پولارڈ بولنگ کے لیے آئے اور انہوں نے 4 گیندوں تک کھل کر کھیلنے نہیں دیا ،پانچویں گیند پر حسن خان نے شاندار چھکا لگاکر ٹیم کو فتح دلوائی۔جنید خان کی جگہ آج کا میچ کھیلنے والے عمرگل بھرپور فارم میں دکھائی دیے ، انہوں نے 6 وکٹیں لیکر مین آف دی میچ رہے لیکن ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے۔

شیئر: