Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اطمینان بخش اور سعادت مند زندگی اللہ کی اطاعت میں ہے، خطبہ جمعہ

مکہ مکرمہ .... مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید نے کہا ہے کہ اطمینان بخش اور سعادت مند زندگی اللہ کی اطاعت میں ہے جبکہ پریشانی ، قلق اورخوف و انتشار اللہ تعالیٰ کی نافرمانی میں ہے۔انسانی نفس کی حفاظت اور معاشرے کی سلامتی اللہ تعالیٰ پر ایمان اور راہ ہدایت پر عمل اختیار کرنے میں ہے۔ انسان کو خوشی اور سعادت مندی اسی راہ سے ملے گی۔ وہ مسجد الحرام کے روحانی ماحول میں ایمان افروز خطبہ دے رہے ہیں۔ امام حرم نے کہاکہ مسلمان کو چاہئے کہ ان چیزوں کو ترک کردے جو مشتبہ ہیں۔ شرح صدر ،سکینت اور اطمینان اللہ کی جانب سے عطا کردہ نعمت ہے جو صرف صالحین کو عطا ہوتی ہے۔ موجودہ دور میں لاکھوں انسان سکون اور چین سے محروم ہیں۔ لاکھوں انسان ایسے ہیں جنہیں نیند کی گولیاں لینا پڑتی ہیں۔ ہزاروں لوگ ایسے ہیں جو نفسیاتی سکون کیلئے طبی مراکز کے چکر کاٹتے ہیں۔ لوگوں کو کسی طور پر بھی سکون اور چین نہیں۔ وہ ہر وقت خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ قلق اور پریشانی انکی زندگی کا حصہ ہے۔ اسکی بنیادی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے دنیا کی چند روزہ زندگی کو مقصد حیات بنالیا ہے۔ وہ بھول گئے کہ حقیقی اطمینان اور سکون اللہ تعالیٰ کا عطا کردہ ہے۔ مسلمانوںکو چاہئے کہ دنیا کی سب سے بڑی نعمت حاصل کریں۔ یہ ایمان باللہ کے بغیر ممکن نہیں۔ مومن وہ ہے جو راسخ العقیدہ ہے،عبادت میں حسن پیدا کرتا ہے۔ اللہ پر توکل کرتا ہے، دنیا اسکا مطمع نظر نہیں، وہ جانتا ہے کہ رزق کی کنجیاں اللہ کے ہاتھ میں ہیں، اسے یقین ہے کہ جو اللہ چاہتا ہے وہی ہوگا۔ اسے معلوم ہے کہ رزق دینے والی ذات صرف اللہ تعالیٰ کی ہے۔ اللہ تعالیٰ پر توکل کرکے وہ دن کا آغاز کرتا ہے اور صبر و شکر کرکے دن کا اختتام کرتا ہے۔ اللہ تعالی ٰ کے کلام کی تلاوت سے دلوں کو سکون ملتا ہے۔دوسری جانب مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبداللہ البعیجان نے جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ نافرمانی اور نفس کی مرغوبات سے اجتناب کریں۔ توبہ و استغفار کریں اور اللہ تعالیٰ کی منع کردہ چیزوں سے دور رہیں۔ اللہ کی اطاعت اور فرمانبرداری اس میں ہے کہ ان چیزوں کو نہ اختیار کیا جائے جن سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اللہ کی نافرمانی یہ ہے کہ خلاف ورزی کی جائے اور بدعتوں کا ارتکاب کیا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو عقل جیسی نعمت سے نوازا ہے۔ وہ اپنی عقل کا استعمال کرکے دنیا کی حقیقت کو جان سکتا ہے۔ وہ اس نتیجے پر پہنچ سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اسے کیوں پیدا کیا اور یہ دنیا چند روزہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سب سے بڑی مصیبت یہ ہے کہ جب نافرمانی عام ہوجائے اور لوگ اسے معمولی سمجھ کر انجام دینے لگیں۔ حدیث میں آتا ہے کہ تمام گناہ معاف کئے جائیں گے سوائے وہ جن کی انجام دہی پر لوگ فخر کریں۔
 

شیئر: