Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش ایئر فورس چیف کا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ

ایئر مارشل حسن محمود خان رائل سعودی ایئر فورس میں اپنے ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ فوٹو عرب نیوز
بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ ایئر مارشل حسن محمود خان سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے  لیے اتوار کو ریاض پہنچ گئے۔
عرب نیوز کے مطابق ایئر مارشل حسن محمود خان رائل سعودی ایئر فورس میں اپنے ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز اور اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔
بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے تعلقات عامہ کے شعبے کا کہنا ہے کہ حسن محمود خان اس دورے کے دوران رائل سعودی ایئر فورس بیس اور فضائیہ کے دیگر اداروں کا بھی دورہ کریں گے۔
بنگلہ دیش آئی ایس پی آر  کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل سمیع الدؤلہ چوہدری نے بتایا ہے’ ایئر چیف خلیجی ممالک کے ساتھ ڈھاکہ کے دفاعی تعلقات مضبوط بنانا چاہتے ہیں اور یہ دورہ بنگلہ دیش اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون میں مضبوطی لائے گا۔‘
بنگلہ دیش ایئر فورس چیف سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ مشقوں اور تربیت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس دورہ سے یقینی طور پر دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان قریبی تعاون کی راہ ہموار ہو گی۔

بنگلہ دیش اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون میں مضبوطی آئے گی۔ فوٹو آئی ایس پی آر

بنگلہ دیش اور سعودی عرب نے فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے اور دفاعی میدان میں اشتراک کے لیے 2019 میں ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
دورہ سعودی عرب کے بعد بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل حسن محمود خان 14 فروری کو متحدہ عرب امارات جائیں گے۔
متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران حسن خان اپنے اماراتی ہم منصب میجر جنرل سٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلوی سے ملاقات کریں گے اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ 14 فروری کو متحدہ عرب امارات جائیں گے۔ فوٹو واس

بنگلہ دیش آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹرنے مزید بتایا ہے ’سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی خلیج کے علاقے میں اہم حیثیت کے باعث ہم ان ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات سے مستفید ہو رہے ہیں اور ہمارا دفاعی تعاون مزید مضبوط اور مستحکم ہوگا۔
 

 

شیئر: