پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف عالمی حکومتوں کے سمٹ (ڈبلیو جی ایس) میں شرکت کے لیے 10 سے 11 فروری تک متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم عالمی رہنماؤں سے گورننس اور عالمی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ڈبلیو جی ایس کی ویب سائٹ کے مطابق 11 سے 13 فروری تک جاری رہنے والے سمٹ میں شرکت کے لیے 400 سے زائد وزرا، ہزاروں کاروباری و صنعتی رہنما، ماہرین اور پالیسی ساز دبئی آئیں گے۔
مزید پڑھیں
-
مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتNode ID: 884220
وزارت خارجہ کے مطابق یہ شہباز شریف کا گذشتہ برس مارچ میں وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد متحدہ عرب امارات کا دوسرا دورہ ہو گا۔ ان کے ہمراہ ایک اعلٰی سطحی وفد بھی ہو گا جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے دوسرے اہم وزرا بھی شامل ہوں گے۔
بیان کے مطابق ’وزیراعظم اپنے دورے کے دوران سمٹ میں کلیدی خطاب کریں گے، جس میں جامع اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور گورننس اصلاحات کے لیے پاکستان کے وژن کو اجاگر کیا جائے گا۔‘
’وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے اور سمٹ میں شریک ممالک کے سربراہان مملکت اور بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سرکردہ سی ای اوز سے بھی ملاقات کریں گے۔‘
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وزارت خارجہ کے مطابق یو اے ای، چین اور امریکہ کے بعد پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ اور اس نے گذشتہ 20 برسوں میں 10 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے۔