اسد اویسی کی گورنرمہاراشٹر سے ملاقات،اقلیتوں کے مسائل سے آگاہ کیا
حیدرآباد - - - - حیدرآبادسے رکن پارلیمنٹ و صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹراسدالدین اویسی نے مہاراشٹرا کے گورنر ودیاساگر رائوسے راج بھون میں ملاقات کی ۔اقلیتوں کے مختلف امور و مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ ودیاساگر نے اقلیتوں کیلئے ملک کی پہلی اسکل یونیورسٹی کے قیام کیلئے صدر مجلس کی تجویز کی ستائش کی ۔ صدر مجلس کے ساتھ مہاراشٹرا میں مجلس کے ارکان اسمبلی امتیاز جلیل اور وارث پٹھان بھی تھے ۔ صدر مجلس نے گورنر کو تجویز پیش کی کہ یہ یونیورسٹی اورنگ آباد یا پونے کی اوقاف کی اراضی پر قائم کی جائے ۔ حکومت اس منصوبے کیلئے فنڈز فراہم کرنے میں ناکام رہی تو عطیات کے ذریعے رقم اکٹھی کی جائیگی ۔گورنر نے تجویزسے اتفاق کیا اور کہا کہ اس مسئلہ کو ریاستی اور مرکزی حکومت کے علم میں لائیں گے۔ اسداویسی نے گورنر کو اوقاف کی جائدادوں کے بارے میں تفصیلات بتائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات سی آئی ڈی کے حوالے کرنے چاہئیں اور وقف بورڈ کا سی ای او آئی اے ایس یا پھر آئی پی ایس افسرکو مقرر کیا جائے ۔ انہوں نے گورنرکو محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت مختلف شعبہ جات میں اسٹاف کی کمی کی طرف بھی توجہ دلائی ۔ انہوں نے مولانا آزاد فنانس کارپوریشن کے اسٹاف کو کم تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ گورنر نے اقلیتوں کو درپیش مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔