نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل فائنل کیلئے سیکیورٹی انتظامات
کر اچی:پی ایس ایل فائنل کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے غیر ملکی سیکیورٹی کنسلٹنٹ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم کادورہ کریں گے۔ حفاظتی اقدامات کےلئے پیشہ وارانہ خدمات انجام دینے والے ادارے اسپورٹس رسک کے سربراہ رگ ڈاکسن25 مارچ کو ہونے والے فائنل میچ کے حوالے سے کام کا جائزہ لیں گے۔رگ ڈاکسن پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کا بھی سیکیورٹی کنسلٹنٹ ہونے کے ناطے پاکستان نیوی جہانگیر خان، روشن خان اسکواش کمپلیکس کا دورہ بھی کریں گے۔ ان کے دورے کا مقصد کراچی میں انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے انعقاد کےلئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا ہے۔ان کی رپورٹ سے پاکستان کو 2 انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس کی میزبانی مل سکے گی ۔ رگ ڈاکسن نے ساتھی سیکیورٹی کنسلٹنٹ بریگیڈیئر رچرڈسن کے ہمراہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل کے انعقاد کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل کا 11 فروری کوجائزہ لیا تھا۔نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ33 ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کے انتظامات بھی ہیں۔ ڈرائیوروں کےلئے پارکنگ ایریا میں بڑی اسکرین لگائی جائے گی۔