Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی حکومت کو پاکستانی علماءاور عوام پر فخر ہے، تعلقات مزید بہتر ہونگے، آل طالب

شیخوپورہ .... اما م کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے موٹروے ٹریننگ کالج شیخوپورہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی رہنمائی اور حفاظت کرناجہاد کی ایک قسم ہے۔ یہ فریضہ پاکستان موٹروے پولیس بحسن انجام دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں موٹروے کالج آکر بڑا فخر اورخوشی محسوس ہو رہی ہے۔ امام کعبہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو پاکستان کی حکومت ، عوام اور علمائے کرام پر فخر ہے ۔مستقبل میں پاک سعودی تعلق مزید بلندیوں کو چھوئیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر خصوصی دعا بھی کی کہ اللہ تعالی پاکستا ن اور اہل پاکستان کی حفاظت فرمائے۔ تقریب سے وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبدلکریم نے امام کعبہ کو حکومت پاکستان اور موٹروے پولیس کی طرف سے خوش آمدید کہا اور کہا کہ موٹروے پولیس فرض شناسی اورقومی جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہے جن شاہراہوں پر موٹروے پولیس ہے وہاں حادثات کی شرح 70فیصد کمی ہو ئی ہے۔ موٹروے پولیس نے عالمی سطح پر ملک وقوم کا نام روشن کیا ہے۔ 4 ہزار نئے جوان موٹروے پولیس میں بھرتی کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کیلئے تمام عالم اسلام کی محبت اور تڑپ ہے۔ تقریب سے آئی جی موٹر وے سید کلیم امام نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر سمیت موٹروے پولیس کے آفیسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر امام کعبہ کو موٹروے پولیس کی جانب سے یادرگار سوینیئربھی پیش کیا گیا۔

شیئر: