"خود کو مردہ سمجھو" فٹبال سپر لیگ میں ریفری کو دھمکی
ایتھنز: یونان میں فٹبال سپر لیگ کے میچ میں اپنے کھلاڑی کا گول منسوخ کرنے پر روسی تاجر ریوالور سمیت گراونڈ میں پہنچ گیا اور مخالف کلب کے حکام سے الجھنے کے علاوہ ریفری کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ "خود کو مردہ سمجھو"۔ پاﺅک کلب اور آئک ایتھنز کے درمیان میچ کے آخری لمحات میں پاﺅک کے کھلاڑی فرنینڈو واریلا نے گول کرکے میچ 0-1کردیا تھا ۔ ریفری نے اسے آف سائڈ قرار دیتے ہوئے گول منسوخ کردیا اور میچ بھی بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ اس پر نہ صرف پاﺅک کلب کے حامی بپھر گئے بلکہ کلب کا روسی مالک ایوان سیویڈس بھی اپنے سیکیورٹی گارڈزسمیت میدان میں داخل ہوگیا۔ اس نے ریفری کو دھمکی دی کہ تم خود کو مردہ سمجھ لو اور اس کے بعد مخالف کلب کے مینجر اور دیگر اسٹاف سے الجھنے لگا۔ ایوان کے پاس ریوالور موجود تھا اگرچہ وہ اس نے نکالا نہیں تاہم اس کے بغلی ہولسٹر میں موجود ریوالور سب کو نظر آرہا تھا۔اس معاملے کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ میچ ختم ہو نے کے کئی گھنٹے بعد ریفری نے پاﺅک کے گول کو درست تسلیم کرتے ہوئے اس فاتح قرار دے دیا۔ ایوان سیویڈس ارب پتی اور روسی صدر ولادمیر پوٹین کا دوست بھی ہے۔