شاہد خاقان نے سینیٹ واقعہ پر معذرت کر لی؟
اسلام آباد ...سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے الیکشن کے موقع پر مہمانوں کی گیلری میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ پر وزیراعظم نے معافی مانگ لی ۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر شیریں مزاری نے کہا کہ ہمارے رکن قومی اسمبلی کے ساتھ سینیٹ میں گزشتہ روز جو واقعہ پیش آیا وہ افسوسناک اورجمہوری روایات کے منافی ہے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ حکومت کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اپوزیشن کی سینیٹ میں فتح کو تسلیم کیا جائے، یہی جمہوریت اور پارلیمانی نظام کی خوبصورتی ہے۔ ا سپیکر نے کہا کہ وزیراعظم نے اس معاملے پر معذرت کرلی ۔اس پر زیادہ بات نہ کی جائے ۔اسپیکرنے کہا کہ سیاسی اختلافات ایک طرف مگر تمام پارلیمنٹرینز پر لازم ہے کہ وہ ایک دوسرے کی عزت نفس کا خیال رکھیں۔ جب بھی کسی پارلیمنٹرین کے خلاف کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی متفقہ طور پر مذمت کرنی چاہیے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزسینیٹ میں صادق سنجرانی کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی مہمانوں کی گیلری میں ن لیگ اور تحریک انصاف کے حامیوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے صاحبزادے عبداللہ عباسی اور تحریک انصاف کے ایم این اے حامد الحق لڑ پڑے۔عملے اور لوگوں نے بیچ بچاو کرایا۔ نعرے لگاتے ہوئے تحریک انصاف کے ایم این اے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور اپنے ساتھ بیٹھے شخص پر گر گئے۔ اٹھتے ہی عبداللہ عباسی کے ساتھ بیٹھے شخص کا گریبان پکڑنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی عملہ وزیراعظم کے صاحبزادے کو ایوان سے باہر لے گیا۔