23روسی سفارتکاروں کو برطانیہ چھوڑنے کا حکم
لندن:برطانوی وزیر اعظم ٹریسا مے نے23روسی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔برطانوی حکومت نے یہ قدم اس وقت اٹھایا جب روس نے برطانیہ کو سیلیسبری میں سابق روسی انٹیلی جنس افسر اور ان کی بیٹی کو زہر دینے پر وضاحت دینے سے انکار کر دیا۔برطانوی وزیر اعظم نے کہا ہےکہ سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کے لیے ایک ہفتہ دیا گیا ہے۔ یہ انٹیلی جنس آفیسر ہیں جن کی شناخت مخفی رکھی گئی ہے۔انہوں نے روسی وزیر خارجہ کو دورہ برطانیہ کی دعوت بھی منسوخ کردی۔علاوہ ازیں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ برطانوی شاہی خاندان روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کی تقریب میں شرکت نہیں کرے گا۔واضح رہے کہ روس نے سابق انٹیلی جنس افسر 66 سالہ سرگئی اور ان کی 33 سالہ بیٹی یولیا کو زہر دینے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔