بہرائچ .... ہندوستانی ریاست یوپی کے شہر بہرائچ میں اس وقت عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب ایک سانڈ نے جو کافی بپھرا ہوا لگ رہا تھا راہ چلتی ایک خاتون کو اتنی زور سے ٹکر ماری کہ وہ بیچاری 10فٹ تک فضا میں اچھلی اور پھر قلابازیاں کھاتی ہوئی زمین پر آرہی جس سے اسے کافی چوٹ بھی آئی۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ سانڈکافی دیر سے بڑے آہستہ آہستہ قدموں کے ساتھ آگے جانے والی خاتون کا پیچھا کررہا تھا۔ پہلے اس نے ایک اسکوٹر سوار شخص کو ٹکر ماری۔جس سے وہ اسکوٹر سمیت گرتے گرتے بچا۔ اسکے بعد بھی اسکی بھڑاس نہیں نکلی تو اس نے آگے جانے والی خاتون کو زور دار ٹکر ماری جس کی وجہ سے خاتون تقریباً10فٹ تک ہوا میں اچھلی اور قلابازیاں کھاتی ہوئی زمین پر گری۔ اب تک معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ سانڈ کہاں سے سر اٹھائے یہاں آگیا تھا۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ پہلے اس نے اپنے دونوں سینگ سے خاتون کی ٹانگ پر حملہ کیا اور پھر پیچھے ہٹ کر خاتون کو سر سے ٹکر ماری۔ موقع پر موجود افراد یہ منظر دیکھ کر پریشان ہوگئے۔ واقعہ کے بعدلوگوں نے سانڈ کو مارنے کی کوشش کی۔ کچھ لوگ اس کے پیچھے بھی دوڑے مگر لوگوں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ بپھرے ہوئے سانڈ کی ساری بدمعاشی ختم ہوتی نظر آئی اور اس نے وہاں سے بھاگنے میں عافیت جانی۔ سارا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگیا ہے اور سوشل میڈیا پر بیحد شوق سے دیکھا جارہا ہے۔ خاتون نے پیلے اور بھورے رنگ کی ساڑی پہن رکھی تھی اور شاید سانڈ کو یہ دونوں رنگ پسند نہیں آئے تھے ۔ ماہرین کاخیال ہے کہ جانور مختلف اوقات میں بعض رنگوں کو بالکل پسند نہیں کرتے اور انہیں دیکھ کر غصے میں آجاتے ہیں۔ سانڈ کی واپسی بھی بڑے نرالے انداز میں ہوئی جسے آپ دم دبا کر بھاگنا نہیں کہہ سکتے کیونکہ وہ شان و شوکت سے دم لہراتا جارہا تھا جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔