الجھے ہوئے ،خشک اور بے جان بال انسان کی شخصیت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں ۔ بیشتر خواتین بالوں کے گرنے ، الجھنے ، ہلکے ہو جانے اور روکھے پن جیسے مسائل سے دو چار نظر آتی ہیں ۔ ان مسائل کی کئی وجوہات ہیں ۔ بالوں کی اچھی دیکھ بھال نہ کرنا ، ناقص غذا کا استعمال اور بالوں کو ا سٹائل دینے کے لئے تیز کیمیائی مصنوعات کا استعمال بالوں کی ساخت کو بری طرح سے خراب کرتا ہے ۔جس سے بال خشک ، روکھے اور کمزور ہو کر گرنے لگتے ہیں ۔ عام طور پر بالوں کے کھردرے پن اور بے رونق ہونے کی سب سے بڑی وجہ بالوں میں قدرتی نمی کی کمی ہے . صحت مند بالوں کے لئے انہیں بھرپور طریقے سے موسچرائز کیا جانا ضروری ہے تاکہ بالوں کی ضائع شدہ چکنائی پھر سے بحال ہو سکے ۔
بالوں کو نرم وملائم بنانے کے لئے ایک عدد کیلے کو کچل کر اس کا پیسٹ بنا لیں ۔ اس میں ایک کھانے کا چمچ لیموں کا رس اور ایک چمچ شہد ملا کر الجھے ہوئے خشک بالوں پر لگائیں اور 20 منٹ بعد نیم گرم پانی سے سر دھولیں ۔ اس سے نہ صرف بال ملائم ہوجائیں گے بلکہ ان میں قدرتی چمک بھی پیدا ہو گی ۔
اس کے علاوہ بالوں کو نمی اور چکنائی فراہم کرنے کے لئے زیتون کا تیل بہترین ہے ۔ تین کھانے کے چمچ زیتون کے تیل میں دو کھانے کے چمچ شہد ملا کر اس پیسٹ کو بالوں پر لگائیں آدھے گھنٹے بعد نیم گرم پانی سے سر دھولیں ۔ اس سے بال نرم ملائم ہو جائیں گے اور انہیں سلجھانا بھی آسان ہوگا .