Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینی شہری نے اسرائیلی فوجی دستے پر گاڑی چڑھا دی

 غربِ ارد ن۔۔۔غربِ ارد ن میں فلسطینی شہری نے اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے ہیں۔یہ واقعہ فلسطین کے مغربی قصبے جینن میں یہودی آبادیوں کے قریب ہوا ہے۔اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ گاڑی کی ٹکر سے 2 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ۔ اس واقعے میں ملوث شخص فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا لیکن اْسے بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اپنی گاڑی سے ٹکر مارنے والا فلسطینی لڑکا معمولی زخمی ہے۔فوجی یہودی آبادیوں کے قریب علاقے کی چھان بین کر رہے تھے۔غربِ اردن میں موجود یہ یہودی آبادیاں بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی ہیں لیکن اسرائیل اسے قانونی تسلیم کرتا ہے۔اسرائیل کی سیکیورٹی سروسز کے مطابق مبینہ حملہ آور کا نام اللکباہ ہے اور وہ جینن کے قریب دیہات کا رہنے والا ہے۔سیکیورٹی سروسز کا کہنا ہے کہ مبینہ حملہ آور اس سے پہلے بھی جیل میں قید رہ چکا ہے اور وہ ایک سال پہلے ہی رہا ہوا تھا۔اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد مشتبہ شخص اور اْس کے خاندان کو روزگار، تجارت اور اسرائیل آنے جانے کے لیے جاری کیے گئے تمام پرمٹ معطل کر دیے گئے ہیں۔ اسرائیل کے وزیر دفاع نے ٹویٹ کیاہے کہ حملہ آور کے لیے سزا موت ہونی چاہیے اور اس کا مکان مسمار کر دینا چاہیے۔فلسطینی تنظیم حماس نے گاڑی کے اس حملہ کی تعریف کی ہے لیکن یہ نہیں کہا کہ اس کے پیچھے حماس کا ہاتھ ہے۔

شیئر: