پاکستان میں فٹبال کی بحالی کےلئے چین کی ہمدردیاں
لاہور: پاکستان میں فٹبال کے کھیل کوسنبھالا دینے کے لئے چین میدان میں آگیا۔پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں 3 سال کے طویل عرصے بعد بحال ہوئی ہیں، فیفا کی طرف سے عائد معطلی بھی ختم کی جاچکی ہے،پاکستان فٹبال فیڈریشن نے رواں برس شیڈول قومی اور انٹرنیشنل ایونٹس کا بھی اعلان کردیا ہے، اب فٹبال شائقین کےلئے ایک اورخوشخبری ہے کہ پاکستان اور چین کی فٹبال فیڈریشنوں کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق پاکستان میں فٹبال کے کھیل کوفروغ دینے کےلئے چین پاکستان کی بھرپورمیں مددکریگا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ فیفا رینکنگ میں چین کی پوزیشن اس وقت 65ویں ہے جبکہ پاکستان عالمی درجہ بندی میں203 ویں نمبر پر ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان نہ صرف یوتھ ایکسچینج پروگرام شروع کیا جائے گا بلکہ دونوں فیڈریشنیں مل کر ڈیولپمنٹ پروگرام،کوچ ایجوکیشن پروگرام اور ریفری ایجوکیشن پروگرامزپربھی بنائیںگی۔ صدر پی ایف ایف فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں میں پاکستان میں فٹبال کے کھیل کوناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، چین کی فٹبال فیڈریشن کے ساتھ معاہدے کے بعد نہ صرف پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ ہمارے کھلاڑی، کوچز اور ریفریز بھی وہاں کے تجربے سے مستفید ہوں گے۔