زرداری، عمران بھائی بھائی،مریم کا نیا نعرہ
ِ سانگلہ ہل۔۔۔سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ شیر کے خوف سے عمران خان اور زرداری نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملا ئے ۔ سینیٹ الیکشن میں ہونے والے تماشے کو سب نے دیکھا ۔ ارکان اسمبلی کی بولی لگائی گئی ۔ عوام 2018ء کے الیکشن میں سازشی چہروں کو ووٹ نہیں دیں گے ۔ نوازشریف عوام کے ووٹ کے تقدس کیلئے جنگ لڑ رہا ہے ۔ احتساب سب کا ہونا چاہیے ۔سانگلہ ہل میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شخصیات کی توہین کا نوٹس لیا جاتا ہے ۔ عوام کی توہین کا نوٹس نہیں لیا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور زرداری ایک دوسرے کو چور اور ڈاکو کہتے تھے لیکن اندر سے دونوں ملے ہوئے ہیں۔فیصلے کی گھڑی آنے میں چند ہفتے رہ گئے ۔ ایسے میں کٹھ پتلیوں اور سازشیوں کے چہرے سے نقاب اتر گئے ۔ جمہوریت کی آستین میں چھپے سانپ باہر آرہے ہیں۔یہ لوگ الیکشن میں کیا منہ لے کر جائیں گے۔ لاڈلا کہے گا ووٹوں کا سودا کر آئے ۔ چہیتا کہے گا ووٹوں کو نوٹوں سے خرید لیا۔ مریم نواز نے کہا کہ جب یہ لوگ ووٹ مانگنے آئیں تو نعرہ لگانا زرداری عمران بھائی بھائی ۔ عمران کو دیا گیا ووٹ زرداری کو اور زرداری کو دیا گیا ووٹ عمران کو جائے گا۔یہ اندر سے ایک ہی ہیں اور ملے ہوئے ہیں۔ شیر کے خوف سے ایک دوسرے کو بیماری کہنے والوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملالئے۔سینیٹ الیکشن میں منڈیاں لگیں اور ممبر کو توڑا گیا ۔ اصولی طور پر نوازشریف کی ہار نہیں بلکہ جیت ہوئی ہے۔ عوام کو مہرے اور کٹھ پتلی سیاستدان منظور نہیں ۔ نواز شریف کے ووٹ تقدس کا بیانیہ گھر گھر پہنچ چکا ہے۔ نواز شریف کیخلاف انتقام ہورہا ہے ۔ نواز شریف کے خلاف 10 روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ۔ عوام ووٹ کی حرمت کی جنگ میں نواز شریف کا ساتھ دیں گے۔