ریاض.... سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ یمن میں جنگ ہم نے شروع نہیں کی بلکہ ہم پر مسلط کی گئی ہے ۔ حوثیوں نے دسیوں بار معاہدوں کی خلاف ورزی کی ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر خارجہ عادل الجبیر نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے تنازع کا سیاسی حل تلاش کرنے کی کوشش کی اور یمن میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کام جاری رکھا ۔ حال ہی میں یمن میں متاثرین کی امداد کےلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اربوں ڈالر کی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ ہم یمن میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں مگر حوثیوں کی جانب سے ہمیشہ خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں ۔ ہماری جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھیجی جانے والی امداد کی راہیں بھی روکی جاتی ہیں ان سب کے باوجود سعودی عرب کی جانب سے ہمیشہ یمنی متاثرین کی امداد کا کام جاری ہے ۔ رکاوٹوں کے باوجود ہم انسانی جذبے کے تحت متاثرین کی امداد کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ عادل الجبیر نے مزید کہا اس وقت یمن کے صرف 15فیصد علاقے پر حوثیوں کا قبضہ ہے ۔قطر کے حوالے سے سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دوحہ نے انسداد دہشتگردی کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ صرف مفاہمتی دستاویز پر دستخط کئے ہیں جو کافی نہیں ۔ انہیں عملی طور پر بھی انسداد دہشتگردی کےلئے کام کرنا ہوگا۔ انہو ںنے مزید کہا کہ انسداد دہشتگردی کے حامی ممالک نے قطرسے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشتگردی کی پشت پناہی ختم کرتے ہوئے انتہا پسندی اور دوسروں کے داخلی امور میں مداخلت کرنا بند کرے ۔ ہم نے 2013 میں بھی ان سے یہی کہا تھا مگر اب تک اس جانب سے کوئی عمل نہیں کیا گیا ۔