Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا سفر ختم،پشاور زلمی کراچی کنگز کا مقابلہ ہوگا

 
لاہور:پی ایس ایل کے پلے آف میں پشاور زلمی نے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز میچ ایک رن سے جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا فائنل کی جانب سفر ختم کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی سرفراز احمد کی کراچی میں فائنل کھیلنے کی خواہش دم توڑ گئی اور وہ میچ ہاتھ سے نکلتا دیکھ کرمایوس نظر آئے۔ آخری اوور میں 25رنز درکار تھے جب انور علی نے لیام ڈاوسن کو ایک چوکا اور 3چھکے لگا کردلچسپی اور سنسنی خیزی انتہا تک پہنچ دی۔ آخری گیند پر دوسرے رن کیلئے ساتھی کھلاڑی میر حمزہ رن آوٹ ہوگئے اور میچ سپر اوور تک نہ جا سکا۔ لاہور میں صبح کی بوندا باندی نے موسلا دھار بارش کی صورت اختیار کی توبظاہر میچ نہ ہوتا نظر آرہا تھا اور پشاور زلمی بہتر رن ریٹ کے باعث کراچی کنگز سے ایلی مینیٹر میچ کھیلتی لیکن بارش رکنے کے باعث میچ مقررہ وقت پر شروع ہوا جبکہ شائقین کی بڑی تعدادبارش کے باوجود اسٹیڈیم میں موجود رہی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بارش سے نمی والی گراونڈ پر درست ثابت ہو رہا تھا مگر قسمت پشاور زلمی کا ساتھ دے رہی تھی۔لیام ڈاوسن نے نصف سنچری بناتے ہوئے 62رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4چھکے اور 6چوکے شامل تھے۔ تمیم اقبال نے 5چوکوںکی مددسے 27رنز بنائے۔محمد حفیظ نے 25رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکے کے ساتھ 4چوکے شامل تھے۔ سعد نسیم نے 9اور وہاب ریاض نے 15رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی پوری ٹیم 157 رنز پر پویلین لوٹ گئی، راحت علی نے 16رنز دیکر 4وکٹیں حاصل کیںجبکہ پریرا نے 2کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اسد شفیق اور پی ایس ایل میں پہلا میچ کھیلنے والے انگلینڈ کے کوہلر کیڈمور نے اننگز کا آغاز کیا ،حسن علی نے پہلی ہی گیند پر اسد شفیق کو اور 5رنز کیڈ مور کو پویلین بھیج کر رعب جما دیا۔ محمد نواز کے ساتھ کپتان سرفراز احمد خود بیٹنگ کے لئے اوپر آئے اور 63 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی لیکن سمین گل 2  ڈیلیوریز پشاور زلمی کو میچ میں واپس لے آئی۔سمین نے ایک گیند پر محمد نواز کو 35 رنز پر جبکہ اگلی ہی گیند پر کپتان سرفراز احمد کو 35رنز پر آوٹ کر دیا۔پی ایس ایل تھری میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محمود اللہ اور ریلی روسوو نے 36 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے میچ پر پھر گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کی لیکن اس دوران عمید آصف نے بہترین اوور کرواتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔ محمود اللہ 19 اور روسوو 8 رنز ہی بناسکے۔ آخری 3 اوور زمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز درکار تھے جبکہ تھسارارا پریرا اور انور علی وکٹ پر تھے لیکن حسن علی نے 18ویں اوور میں صرف 2 رنز دئیے اوور کرواکر کوئٹہ کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ 19ویں اوور کےلئے وہاب ریاض نے بھی 3 رنز دئیے اور 2 وکٹیں بھی لیں، پریرا 12 رنز پر آوٹ ہوئے۔انور علی نے آخری اوور میں لیام ڈاسن کو 5گیندوں پر ایک چوکا اور 3چھکے لگا کر میچ سنسنی خیز بنا دیا۔ آخری گیندپر 3 رنز کیلئے انور علی نے زوردار شارٹ لگایا لیکن دوسرے اسکور کیلئے دوڑتے ہوئے میر حمزہ رن آوٹ ہو گئے اگر یہ رن مکمل ہو جاتا تو میچ سپر اوورمیں چلا جاتا۔ پشاور زلمی کے حسن علی نے عمدہ اسپیل کراتے ہوئے 2وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا، عمید آصف، وہاب ریاض اور سمین گل نے بھی 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور زلمی دوسرا پلے آف کراچی کنگز کیخلاف کھیلے گی۔ 
 

شیئر: