Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سستی بھکائیں ،چست ہو جائیں

تھکاوٹ ایسا مرض ہے جو ہر شخص کے گوشت پوست میں پیوست ہوتا جا رہا ہے ۔ جسے دیکھو تھکن سے نڈھال نظر آتا ہے ۔ اس کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں ۔ متوازن غذا کی عدم فراہمی ، کام کا بوجھ ، جسمانی مشقت ، ذہنی دباؤ ، نیند کا پورا نہ ہونا ، کمزوری اور جسم میں پانی کی کمی تھکن کا باعث بنتے ہیں ۔ ماہرین کے مطابق انسانی جسم کو دن میں آٹھ سے بارہ گلاس پانی کی ضرورت ہوتی ہے اور مطلوبہ مقدار میں پانی نہ ملنے سے بلڈپریشر میں کمی واقع ہوجاتی ہے ۔ اس طرح دماغ کو آکسیجن پہنچنے کا عمل سست پڑ جاتا ہے اور جسم تھکاوٹ محسوس کرنے لگتا ہے ۔ پانی کی جگہ صحت مند مشروبات اور فریش جوسز استعمال کئے جاسکتے ہیں ۔ خود کو صحت مند اور فریش رکھنے کے لئے مناسب آرام بھی بے حد ضروری ہے ۔ دن بھر میں تیس سے چالیس منٹ کا قیلولہ توانائی کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اسی طرح رات کی آٹھ گھنٹے کی پرسکون نیند صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے  اور   آپ  صبح کو چاک و چوبند بیدار ہوتے ہیں ۔ جسم کو مستعد رکھنے کے لیے مناسب مقدار میں وٹامن ، پروٹین اور کاربوہائیڈریٹ لینا بھی بے حد ضروری ہے ۔ یہ تھکان سے لڑتے ہیں اور خون میں گلوکوز کی مقدار کو متوازن رکھتے ہیں ۔ یہ موڈ اور توانائی کو بڑھانے والے ہارمونز کے اخراج میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔ مناسب قدرتی روشنی کا نہ ملنا بھی طبیعت میں سستی  ، تھکاوٹ ،  بے سکونی اور بوجھل پن پیدا کر دیتا ہے لہذا گھر اور دفتر میں کھڑکیوں سے تازہ ہوا اور دھوپ کے اندر داخل ہونے کو یقینی بنائیں اپنے جسم کو دن بھر میں کم از کم تیس منٹ کے لئے قدرتی روشنی سے روشناس کرائیں ۔ ٹی وی اور لیپ ٹاپ سے نکلنے والی شعائیں طبیعت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں لہذا رات کو سونے سے دو گھنٹے پہلے ٹی وی مت دیکھیں اور لیپ ٹاپ کی روشنی کو بھی کم کر دیں . 
مزید پڑھیں:آنکھوں کی حفاظت کیسے کریں۔

شیئر: