رونالڈو اور صلاح آمنے سامنے،پرتگال نے مصر کو ہرادیا
باسل:مصر اور پرتگال کے درمیان میچ میں کرسٹیانو رونالڈو نے انجری ٹائم میں یکے بعد دیگرے2گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-2سے فتح دلادی اور مصری ٹیم اپنے کھلاڑی محمد صلاح کے گول کی وجہ سے حاصل ہو نے والے برتری کے باوجود انجری ٹائم میں فتح سے محروم ہو گئی ۔ ورلڈ کپ کی تیاری کے حوالے سے ہونے والے اس دوستانہ میچ کا انعقاد سوئٹزر لینڈ میں کیا گیا ۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا اور کوشش کے باوجود دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔پرتگال کا ایک گول کھلاڑی کے آف سائڈ ہونے سے رد ہوگیا۔ انگلش کلب لیور پول کےلئے کھیلنے والے مصری کھلاڑی محمد صلاح نے دوسرے ہاف کے دوران میچ کے56ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ مصری ٹیم اپنی مضبوط جنوبی امریکی حریف کے خلاف اس برتری کو میچ کے مقررہ وقت تک برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔ ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ صلاح کا یہ گول فیصلہ کن ثابت ہوگا لیکن مقررہ وقت ختم ہو جانے کے بعد انجری ٹائم میں میچ جاری تھا کہ کرسٹیانو رونالڈو اپنی ٹیم کی مدد کو آئے اور 3منٹ میں2 گول کرکے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا ۔ ان 2گول سے رونالڈو کے انٹر نیشنل گولز کی تعداد 81ہو گئی ہے۔ انٹرنیشنل گولز کی تعداد کے حوالے سے اب رونالڈو صرف ایران کے علی داعی اور ہنگری کے فیرینس پسکاس سے پیچھے ہیں۔ علی داعی نے اپنے انٹر نیشنل کیریئر میں109جبکہ فیرنس نے 84گول اسکور کئے تھے۔