آئندہ پی ایس ایل میچز4 شہروں میں ہوں گے، نجم سیٹھی
کراچی:چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگلے پی ایس ایل کے میچز کراچی اور لاہور سمیت حیدرآباد اورملتان کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس فائنل میچ سے پاکستان میں کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان آ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کامیابی سے اس میچ کے انعقاد کا سہرا عوام کے سر ہے ، اگر عوام کی پرزور خواہش پر یہ ممکن ہوسکاعوام نہ چاہتے تو یہ کبھی ممکن نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا لیکن وی آئی پی ہماری مجبوری ہیں، نیشنل اسٹیڈیم میں کارپوریٹ باکسز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اگلے سال پی ایس ایل کے میچز دبئی کے علاوہ پاکستان کے 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور حیدر آباد میں ہوں گے۔نجم سیٹھی نے بتایا کہ آئی سی سی سیکیورٹی کنسلٹنٹ ریک ڈیکیشن کی رپورٹ نے پی ایس ایل فائنل کراچی میں کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے حوالے سے معاہدے پر چیئرمین کا کہنا تھا کہ معاہدے میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آنے کی شق شامل ہوتی ہے لیکن کسی وجہ سے پاکستان نہ آنے کی گنجائش بھی موجود ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کوشش ہو گی کہ معاہدے پر دستخط کرنے والے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں۔