آسنسول میں امن برقرار رکھا جائے،امام مسجد کی اپیل
نئی دہلی- - - - مغربی بنگال کے شہر آسنسول کی ایک مسجد کے امام عماد الرشیدی کا 16سالہ بیٹا سبط اللہ فرقہ وارانہ فساد میں جاں بحق ہو گیا۔انہوں نے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ریاست کے مغربی بردوان ضلع کے قصبہ میں تعزیتی اجتماع سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگر ان کے بیٹے کی موت پر کوئی انتقامی کارروائی کی گئی تومسجد اور شہر چھوڑ کر چلے جاؤں گا۔ انہوں نے رقت بھرے لہجہ میں کہا کہ اللہ کے واسطے امن قائم رکھیں۔ میں امن چاہتا ہوں۔ میرے بچے کی جان لے لی گئی۔میں نہیں چاہتا کہ اور کسی ماں کا لال اور باپ کا لخت جگر مارا جائے۔ یہ بھی نہیں چاہتا کہ کوئی مکان جلے۔ قابل غور ہے کہ سبط اللہ رشیدی جس نے اسی سال دسویں کلاس کا امتحان دیا تھا ،آسنسول میں رام نومی جلوس کے بعد رانی گنج میں تشدد ہونے کے باعث لاپتہ ہو گیا تھا۔ بعد ازاں اس کی لاش ملی۔ایسا شبہ کیا جاتا ہے کہ اسے پیٹ پیٹ کر قتل کیاگیا تھا۔