پاک بحریہ کے جہاز جبیل پہنچ گئے ،مشترکہ مشق میں حصہ لینگے
اسلام آباد...پاک بحریہ کے2 جہاز پی این ایس ٹیپو سلطان اور پی این ایس ہمت پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے بحری جہاز کے ہمراہ سعودی عرب کی بندرگاہ جبیل پہنچے ہیں۔ سعودی بحری افواج کے افسروں اور جوانوں نے پرتپاک استقبال کیا۔پاکستانی جہاز سعودی بحریہ کے زیراہتمام کثیرالملکی مشترکہ مشق گلف شیلڈون میں لیں گے۔پاک بحریہ کا خصوصی سروسز گروپ، پاک میرینز، میری ٹائم پیٹرول اور پی تھری سی اورئین طیارے بھی مشق میں حصہ لیں گے۔مشترکہ مشق گلف شیلڈون مشرقی علاقے میں ہو رہی ہے جس میں سعودی فورسز سمیت23 ملکوں کی افواج حصہ لیں گی۔بحری مشق کا مقصد شریک ملکوں کی افواج کی پیشہ وارانہ تیاری کو بہتر بنانا مشترکہ لائحہ عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور تعاون اور رابطے بڑھانا ہے۔مشق کے دوران مختلف ملکوں کے مندوبین پاکستانی بحری جہازوں کا دورہ کرینگے۔یہ مشق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دوطرفہ دفاعی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔