Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روبوٹ مکڑی کاحیرت انگیز رفتار سے تعاقب

برلن .... جدید ٹیکنالوجی کا سفر جاری ہے اور آئے دن نت نئی چیزیں اس کے ذریعے تیار ہورہی ہیں اور ا ن تمام چیزوں میں سب سے نمایاں حیثیت روبوٹ ٹیکنالوجی کو حاصل ہے۔ اسی ٹیکنالوجی پر عمل کرتے ہوئے جرمن فرم فیسٹو نے جو پہلے بھی مختلف اقسام کے روبوٹس تیار کرچکی ہے اس بار ایک ہشت پاقسم کا مشینی روبوٹ تیار کیا ہے۔ جو نہ صرف عام مکڑیوں کی طرح چلتا ہے بلکہ بوقت ضرورت وہ اپنے آپ کو کسی گیندکی طرح گول بناکر حیرت انگیز تیز رفتاری کے ساتھ راستہ طے کرتا ہے اور اگر کسی کا تعاقب کررہا ہو تو یہ رفتار کچھ زیادہ ہوجاتی ہے۔ اس میں لگے ہوئی آٹو ٹانگیں کافی لچکدار ہیں جس کی وجہ سے وہ کئی رخ بدل کر چل سکتا ہے اور قلابازیاں کھانے میں بھی مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ جرمن فرم کا کہناہے کہ اس نے مراکش میں پائی جانے والی خاص قسم کی مکڑی کو دیکھ کر تیار کیا ہے۔ مراکش کی یہ مکڑی فلک فلیک کے طور پر جانی جاتی ہے۔ اور اسے اپنی ہئیت بدلنے ، قلابازیاں کھانے، لڑھکنے اور دوڑنے کا فن اچھی طرح آتا ہے۔ دیکھنے والوں کا کہناہے کہ اس مکڑی کو دیکھ کر حقیقت سے زیادہ خواب کا گمان ہوتاہے مگر یہ خواب نہیں حقیقت ہے۔ اس عجیب و غریب مشینی مکڑی کا نام بائیونک ویل باٹ رکھا گیا ہے۔ اسکی آٹھوں ٹانگیں کافی حد تک پراسرار ہیں۔ یہیں ٹانگیں ہیں جو اپنے دوڑنے اور ہئیت بدلنے میں سب سے زیادہ مدد گار ہوتی ہیں۔ فیسٹو کے سائنسدانوںکا کہنا ہے کہ فلک فلیک زیادہ تر صحرائی علاقوں میں پائی جاتی ہے۔ بظاہر یہ عام مکڑیوں جیسی ہیں مگر اسے قدرت نے صورت بدلنے کی جو صلاحیت دی ہے وہ اسے دوسری مکڑیوں سے ممتاز اور مختلف بناتی ہے۔ تاہم یہ بات طے ہے کہ اس قسم کی مکڑی کسی بھی لمحے اپنے دشمن کا بھرپور مقابلہ کرسکتی ہے۔ کمپنی کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ کوئی شخص اسے چھیڑ کر بھاگنے کی کوشش کرے تو حماقت ہوگی کیونکہ یہ حیرت انگیز رفتار سے تعاقب کرکے اپنا انتقام لے لیتی ہے۔ 

شیئر: