’’ہندوستان بند‘‘سے 100ٹرینیں متاثر
نئی دہلی۔۔۔۔’’ہندوستان بند‘‘سے ملک بھر میں تقریباً100ٹرینیں متاثر ہوئیں ۔ ان میں سے بعض معطل اوردیگر تاخیر کے بعد منزل کی جانب روانہ کردی گئیں۔مظاہرین کے ریلوے پٹریوں پر احتجاج کرنے سے ٹرینوں کی آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔واضح ہو کہ سپریم کورٹ کی جانب سے شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائبز قانون میں ترمیم کیخلاف دلت تنظیموں نے ملک گیر ہڑتال کی کال دی ۔ان مظاہروں کی وجہ سے جن ریاستوں میں ٹرینوں کی خدمات سب سے زیادہ متاثر ہوئیں، ان میں راجستھان، اوڈیشہ ، بہار، اتر پردیش ، ہریانہ، اور دہلی خاص طور پرشامل ہیں۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ پیر کی صبح سے ہی مظاہرین ریل یارڈز میں جمع ہوکر ٹرینوں کی آمدو رفت میں رکاوٹیں پیدا کرنا شروع کردیں ۔شمال ریلوے کے حکام کے مطابق مظاہرین نے صبح 10بجے غازی آباد ریل یارڈ پہنچ کر خدما ت میں خلل پیدا کیا ۔احتجاجی مظاہرے کے باعث سپت کرانتی ایکسپریس،اتکل ایکسپریس، بھونیشور ایکسپریس، رانچی راجدھانی اورکانپور شتابدی سمیت دیگر ٹرینوں کو غازی آباد سے قبل میرٹھ اور مودی نگر میں روک دیا گیا۔ حکام کے مطابق تقریباً 2000افراد پر مشتمل ہجوم نے ہاپوڑ اسٹیشن پر ٹرینوں کو روک دیا۔ان میں کئی مال گاڑیاں بھی شامل تھیں۔ آگرہ ریلوے ڈویژن سے شتابدی اور گتیمان ایکسپریس سمیت 28ٹرینیں تاخیر سے روانہ ہوئیں ۔ فیروز پور ریل یارڈ پر صبح ساڑھے 8بجے تقریباً150مظاہرین پہنچ کرٹرینوں کے آنے جانے میں رکاوٹیں پیدا کیں۔مظاہرین کی وجہ سے مشرقی وسطی ریلوے کی تقریباً43ٹرینیں متاثر ہوئیں۔ بہار میں مظاہرین نے پٹنہ جنکشن ریلوے اسٹیشن پر پہنچ کر جبراً ٹکٹ بکنگ کاؤنٹر بند کرایا بعد ازاں ریلوے پٹریوں پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے۔