پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ کا فاتح ہے،احسن اقبال
اسلام آباد... وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ بہادری سے لڑی اور اس میں فتح حاصل کی لیکن دہشت گردی کا وائرس نئی نئی شکلوں میں سامنے آتا رہتاہے۔ اسے کبھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ہمیں اس کے خلاف چوکس اور مستعد رہناہے۔ عالمی برادری دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے تنازعات کو حل کرے۔ہندنے معصوم کشمیریوں پر ریاستی دہشت گردی اور ظلم کی انتہا کردی۔منگل کو اسلام آباد انٹرنیشنل کاونٹر ٹیررازم فورم کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی کامیابیوں اور تجربات سے دنیاکو آگاہ کرنے کے لئے یہ فورم منعقد کیاگیاہے۔ پاکستان طویل عرصہ سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہاہے جس میں ہر شہری نے اپنا کردار ادا کیا ۔ متحد اور یکجا ہو کر یہ جنگ لڑی ہے۔ آج فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ پاکستان جو چند سال پہلے دہشت گردی کی جنگ میں متاثرہ تھا آج اس جنگ کا فاتح ہے۔ پاکستان چند سال قبل دہشت گردی سے متاثر ملک تھا۔ دہشت گردوں نے پاکستانی معاشرے کو یرغمال بنارکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ افغان جنگ ختم ہوئی تو سب ہاتھ جھاڑ کر چلے گئے۔پاکستان آج تک افغان جنگ کے اثرات کو بھگت رہا ہے۔ افغان مہاجرین کو مزید رکھنے کے لئے دباو¿ ڈالا جا رہا ہے۔