بلوچستان میں سو فیصد امن بحال کردیا ،صدر ممنون
کوئٹہ...صدر ممنون نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل اور نوجوان اس کے معمار ہیں۔ ملک کا سب سے بڑا صوبہ اپنے قدرتی وسائل کی بدولت تاریخ کا دھارا بدلنے والا ہے۔ صوبے پر خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے ۔بلوچستان کے عوام سازشوں کو ناکام بناکر اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنالیں۔کوئٹہ میں سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کی انہوں نے کہا کہ حقیر مفادات سے بلند ہوکر قومی ترقی کے لئے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سو فیصد امن بحال کردیا گیا۔ دہشت گردی کے باقی ماندہ اثرات کا بھی جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک، چین اقتصادی راہداری کی فعالی کے بعد وطن عزیز اور خاص طور پر بلوچستان کے لئے ترقی اور خوشحالی کے جو دروازے کھلنے والے ہیں وہ تاریخ کا رخ بدل ڈالیں گے۔ بلوچستان کا مستقبل انتہائی شاندار، تابناک اور تابندہ دکھائی دیتا ہے۔ جہاں روزگار کے لاکھوں مواقع لوگوں کو گھر کی دہلیز پر میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال کے پس پشت چند مفاد پرست عناصر ہی کارفرما نہیں رہے بلکہ اس میں ہمارے کھلے اور چھپے دشمنوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ۔بلوچستان کے غیرت مند عوام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان سازشوں کو ناکام بناکر اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کھلے اور چھپے دشمنوں پر بھی واضح کرنا چاہتا ہوںکہ اپنے داخلی سیاسی وغیر سیاسی اختلافات کے باوجود پاکستانی قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے جس سے ٹکرانے والی ہر قوت پاش پاش ہوجائے گی۔