Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میاں صاحب ،آپ سے جنگ رہے گی،زرداری

گڑھی خدا بخش ... پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین پرسن اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب آپ سے جنگ رہے گی۔ آپ سے سیاست چھڑوا کر رہیں گے۔ نوازشریف نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا ۔ فیصلہ کیا ہے اب صلح نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ جانتا ہوں میاں صاحب میں کتنی برداشت ہے ۔جب حکومت نہیں ہوگی تب پتہ چلے گا۔ بدھ کو گڑھی خدا بخش میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ میاں صاحب اس مرتبہ پنجاب میں بھی وزیر اعلی آپ کا نہیں ہوگا۔ بہت جلد پنجاب میں آئیں گے، تخت رائیونڈ کو ہلائیں گے ۔مقابلے کےلئے تیار ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ مل کربھی حکومت بنائیں مگرآپ سے نہیں ملیں گے۔ آپ سے تب بات کریں گے جب آپ ختم ہوچکے ہوں گے۔میں نے کہا تھا کہ جب چاہوں (ن) لیگ کی حکومت گراسکتا ہوں ۔ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ نہیں لینے دوں گا ۔میاں صاحب غریبوں کا خون چوسنا اور سیاست چھوڑ دیں۔زرداری نے کہا کہ یہ سب کو لڑا کر حکومت کر رہے تھے اب خود پھنسے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان میں ان کی بے وقوفی سے آگ لگی ہوئی ہے۔ رضا ربانی کانام لے کر انہوں نے تفریق ڈالنے کی کوشش کی۔ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ نہیں جمہوریت بڑی بات ہے۔ وہ دن بھی یاد ہے جب آپ کی حکومت بچائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے نوازشریف نے اپنی آنکھیں سرپررکھ لیں اب ہم نے رکھ لی ہیں۔ دریں اثناءبھٹو کی برسی پر ایک بیان میں زرداری نے کہا کہ جمہوریت ،شہری آزادی اور صوبائی خود مختاری کے لئے پر عزم ہیں۔ بھٹو نے متفقہ آئین دیا۔73کا آئین بنیادی انسانی حقوق اور صوبائی خود مختاری کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی صرف جمہوریت کے ذریعے آنی چاہئیے،گولی کے ذریعے نہیں۔
مزید پڑھیں:نامی گرامی سیاستدان مکروہ کھیل کا حصہ ہیں،نواز شریف

شیئر: