سلمان خان کو 5 سال کی سزا، جیل بھیج دیئے گئے
نئی دہلی۔۔۔۔کالے ہرن شکار کیس میں جودھپور کی عدالت نے بالی وڈ کے مایہ ناز اداکارسلمان خان کو مجرم قراردیتے ہوئے 5سال قید کی سزا سنادی جس کے بعد سلمان خان کو حراست میں لیکر سینٹرل جیل بھیج دیا گیا۔
سلمان کیخلاف سزا کا فیصلہ سنتے ہی ان کی دونوں بہنیں ارپتا اور الویرا پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔سیشن عدالت کے چیف مجسٹریٹ دیو کمار کھتری نے سلمان کی سزا پر فیصلہ سنایا۔فیصلے کے بعدسلمان نے عدالت میں درخواست ضمانت دائر کی جس پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
سلمان خان کوسزاسنائے جانے کے بعد عدالت کے باہر موجود بشنوئی سماج کے لوگوں نے اداکار کے خلاف نعرے بازی کی۔ دوسری جانب سلمان خان کے مداحوں کی بڑی تعداد کورٹ کے باہر موجود تھی جس نے سلمان کی حمایت میں زبردست نعرے بازی کی ۔
حالات کو دیکھتے ہوئے موقع پر موجود پولیس دستوں نے مظاہرین پر لاٹھی چار ج کرکے منتشر کردیا ۔تحفظ حیوانات قانون کے تحت سلمان خان کو مجرم قراردیا گیا اور ان پر عدالت نے 10ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔عدالت نے اس کیس کے دیگر ملزمان کو بری کردیا۔
واضح ہوکہ سلمان خان،سیف علی خان، تبو، نیلم، سونالی بندرے اور جودھپور کے دشینت سنگھ پر الزام تھا کہ انہوں نے یکم اکتوبر اور 2اکتوبر 1998ء کو جودھپور کے لونی تھانہ علاقہ کے کاکانڑی گاؤں میں 2کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا۔ معاملے میں پیش کئے گئے گواہوں نے عدالت کو بتایا کہ سلمان خان نے ہرنوں کا شکار فلمی اداکاروں اور اداکاراؤں کے اکسانے پر کیا ۔ گولی کی آواز سن کر گاؤں والے جمع ہوگئے ۔ ہجوم کو آتا دیکھ کر شکار کئے گئے ہرنوںکو وہیں چھوڑ کر سلمان خان اور اس کے ساتھی کار میں سوار ہوکر موقع سے فرار ہوگئے ۔
باخبر ذرائع کے مطابق سلمان خان کے خلاف جودھپور میں 4مقدمات درج کئے گئے ۔ان میں سے 3کیس ہرن کے شکار اور ایک ناجائز اسلحہ رکھنے کا تھا ۔ ان میں سے 2کیس میں عدالت نے سزا کا فیصلہ سنا یا تاہم بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے کے معاملے میں بری کردیا۔ جیل جانے سے قبل سلمان خان نے اپنے والد سلیم خان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔سلمان خان کے جودھپور جیل پہنچنے پران کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا گیا ۔