بچوں کو جرائم سے دور رکھنے پر لڑکی کا قتل
لندن..... انسان اتنا خود غرض اور سفاک ہوتا جارہا ہے کہ اسے کسی معصوم، بے گناہ اور اچھے انسان کی بھی قدر نہیں رہی۔ اس حوالے سے یہاں یہ خبر عام ہوگئی ہے کہ ایک 17سالہ لڑکی تانیشا میلبورن کو منشیات فروشوں نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا جب وہ کمسن بچوں کو جرائم سے دور رکھنے کی کوشش کررہی تھی۔تانیشا اپنی ماں کی گود میں ہی گری اور فوت ہوگئی مگر ملزموں کی فائرنگ سے 2لڑکے شدید زخمی بھی ہوگئے تھے۔ ان دو لڑکوں میں سے ایک کو گولی لگی تھی جبکہ دوسرے کو خنجر مار کر زخمی کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہناہے کہ ٹوٹنہم کے علاقے میں ہونے والا یہ واقعہ 2جرائم پیشہ اورمنشیات فروش گروہوں کی باہمی رقابت کا نتیجہ تھا۔ دونو ں ملزمان نے جو کار میں سوار تھے رات ساڑھے نو بجے کے قریب اسکے گھر کے سامنے کھڑی تانیشا کو گولی مار دی تھی۔گولی تانیشا کے سینے میں لگی اور اس نے اپنی ماں کی آغوش میں دم توڑ دیا۔ واضح رہے کہ یہ 17سالہ لڑکی اپنے علاقے میں جرائم پیشہ سرگرمیوں سے عاجز آچکی تھی اور اپنی بساط بھر اس کوشش میں مصروف رہتی تھی کہ کم از کم بچے جرائم پیشہ افراد کے ہاتھ نہ لگیں اور انہیں ان سے محفوظ رکھاجائے۔