ڈانٹا جائے تو دل ٹوٹتے ہیں،سعد رفیق
لاہور ...وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے سیکٹر میں جتنا کام 5 برس میں ہوا۔ ماضی کی دہائیوں میں نہیں ہوا ،ریلوے کارکردگی کے بارے میں عدالتی ریمارکس سے دلی دکھ ہوا ہے۔ عدالت کو 5 سالہ کارکردگی پر خود بریف کرنے کےلئے ہروقت حاضر ہوں ۔کارکردگی رپورٹ سنی گئی تو عدالت سے شاباش لے کر آئیں گے۔ ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلوے کو اقربا پروری اور کرپشن سے پاک کرنے کے لئے ہماری ٹیم نے دن رات کام کیا۔ دم توڑتی ریلوے کو دوبارہ قدموں پر لا کھڑا کیا ہے ۔ ٹرینوں کی پابندی وقت اور اندرونی حالت میں بہت بہتری آئی ہے ۔ پاکستان ریلویز کی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ محض ایک آڈٹ رپورٹ نہیں ہو سکتی ۔آڈٹ اعتراضات ہمیشہ سے ہر محکمے کے بارے میں ہوتے ہیں، اس کا مطلب کرپشن نہیں ،ہم جلسوں میں قوم کو سچ بتاتے ہیں۔ کبھی نہیں کہا ریلوے منافع میں ہے، محکمہ کی مالی حالت ماضی سے بدرجہ بہتر ہے۔ 18 ارب روپے کمانے والا محکمہ 50 ارب کمائی تک جا پہنچا ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اچھی کارکردگی پر شاباش کی بجائے ڈانٹا جائے تو دل ٹوٹتے ہیں۔