علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی پر جواب طلب
اسلام آباد...علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں بطور پاکستانی سفیر تعینات کرنے کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل سے تحریری جواب طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بنچ جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا وزیر اعظم کو اختیار ہے کہ سفیر کی تعیناتی کے معاملے پر صوابدیدی اختیار استعمال کرے ۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ وزیر اعظم کو سفیر کی تعیناتی کے لئے کوئی صوابدیدی اختیار نہیں ۔ دفتر خارجہ میں سفیر کی تعیناتی کا طریقہ کار موجود ہے۔ وزیر اعظم نے غیر قانونی طور پر اپنے کاروباری شراکت دار کو امریکہ میں بطور پاکستانی سفیر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی میرٹ کے برعکس ہونے کی بنا پر کالعدم قرار دے۔علی جہانگیر صدیقی کے وکیل وسیم سجاد نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک علی جہانگیر صدیقی کے بحیثیت امر یکہ سفیر کے لیے نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا۔جسٹس اطہر من اللہ نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیریئر ڈپلومیٹس کو کیوں نظر انداز کیا گیا؟ یہ عوامی مفاد کا کیس ہے۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کہ وفاق نے اگریما امریکی حکومت کو بھیج دیا ۔ اب امریکی حکومت کے جواب کا انتظار ہے۔ اس معاملے پر عدالت کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔ علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کا بطور پاکستانی سفیر نوٹی فیکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ کے نوٹس میں لائے بغیر جاری نہیں کریں گے۔