Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹھیکیداروں کی درجہ بندی کا قانون تیار، اجراء15 شوال کو ہوگا، وزارت بلدیات

 دمام.... وزارت بلدیات و دیہی امور نے ٹھیکیداروں کی درجہ بندی کا قانون تیار کرلیا۔ اجراء 15 شوال 1439 ھ سے عمل میں آئے گا۔ وزارت بلدیات نے ای گیٹ بھی تیار کرلیا ہے۔ اس کا مقصد موجودہ قانون کی خامیوں کو دور کرنا اور ٹھیکہ داری کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ مکہ اخبار نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے واضح کیا کہ فی الوقت مملکت بھر میں 17 ہزار ٹھیکیدار کمپنیوں کی درجہ بندی ہوچکی ہے۔ سیکریٹری وزارت انجینیئر حمد الشویش نے مشرقی ریجن کے ایوان تجارت میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت چاہتی ہے کہ اچھے معیاری کام کرنے والے سعودی ٹھیکیداروں کو ترغیبات مہیا ہوں ۔ ٹھیکیداری کے شعبہ میں شفافیت کا اصول لاگو ہو ۔ ایسا ہونے پر اقتصادی سرگرمیوں کی ہم رکابی ممکن ہوسکے گی۔ وزیر کے مشیر انجینیئر بندر القحطانی نے بتایا کہ درجہ بندی کے تحت ٹھیکیدار کی اہلیت اور اس کی فنی مہارت کا تعین ہوگا ۔ نیا قانون 43 برس پرانے قانون کی خرابیوں سے پاک ہوگا۔ القحطانی نے بتایا کہ وزارت نے ٹھیکیداروں کو چھ درجوں میں تقسیم کیا ہے ۔ قدیم قانون میں ٹھیکیداروں کو 5 درجوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ نئے قانون کے تحت بچولیوں کا دھندا ختم ہوجائے گا۔

شیئر: