وی ایچ پی نے توگڑیاکو نکال باہر کیا
نئی دہلی۔۔۔۔ ہندوتوکی علمبردار وشو ہندو پریشد کی 52سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی صدر کیلئے انتخابات عمل میں آئے جس میں طویل عرصے سے صدارتی عہدے پر فائز پروین توگڑیا کو ذمہ داران نے باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے وشنو سدا شیو کوکجے کو صدر بنادیا۔ ہندوتو کا بڑا چہرہ رہے پروین توگڑیا کے قریبی راگھو ریڈی کیخلاف الیکشن لڑتے ہوئے کوکجے نے کامیابی حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق انتخابات میں 192ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 131ووٹ وشنو سدا شیو کوکجے اور 60ووٹ راگھو ریڈی کو ملے۔ وشو ہندوپریشد کے نئے صدرکوکجے ہماچل پردیش کے سابق گورنر اور مدھیہ پردیش ہائیکورٹ کے سابق جج رہ چکے ہیں۔ کوکجے 6ستمبر 1939ء کو مدھیہ پردیش میں پیدا ہوئے۔ اندور سے ایل ایل بی کرنے کے بعد 1964ء میں لاء پریکٹس شروع کردی تھی۔