پارک لینڈ ، فلوریڈا.... صحت ، وزن اور مٹاپا تینوں ایک مثلث کے تین زاویے ہیں اورتینوں کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے۔ ماہرین صحت اب تک یہ کہتے رہے ہیں کہ روغنی غذائیں وزن بڑھاتی ہیں ۔ شریانوں کو تنگ کرتی ہیں اور دل کے دورے کے امکانا ت بڑھ جاتے ہیں۔ مگر یہاں رہنے والے ایک شخص نے اس عام رویئے سے گریزکرتے ہوئے جم کر پیزا کھانے کا فیصلہ کیا اور حیرت کی بات یہ ہے کہ روغنیات سے بھرپور پیزے اسکے لئے مفید ثابت ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق 26سالہ ٹائیلر میرینلی کا کہناہے کہ اس نے روزانہ ایک نشست میں 2ڈومینو پیزا کھائے اور 12دن بعد اسکا وزن 22پاﺅنڈ کم ہوگیا۔ جسم کی 8فیصد چربی بھی ختم ہوگئی۔ ٹائیلر کا کہناہے کہ پیزا کھانے کے ساتھ وہ خاص قسم کے ڈائٹ فوڈ چیپوٹلے بھی کھاتا رہا تھا۔ لوگوں نے پیزا کھا کر وزن کم کرنے کے اس تجربے کو تسلیم کرلیا ہے مگر ماہرین کا کہناہے کہ اس قسم کی حرکتیں وقتی تماشے تو دکھا سکتی ہیں مستقل صحت کی ضامن نہیں ہوسکتیں اسلئے لوگ روغنی غذاﺅں سے دور رہیں تو اچھا ہے۔