خیبر پختونخوا میں تمام اتائی کلینکس بند کرنے کاحکم
پشاور...سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے خیبرپختونخوا میں ایک ہفتے کے اندر تمام اتائی کلینکس بند کرانے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میںکیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ہیلتھ کیئرکمیشن سے اب تک اتائیوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ صوبے میں کتنے اتائی ڈاکٹر ہیں۔ چیئرمین ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ 15 ہزار اتائی ڈاکٹر موجود ہیں۔صرف 122 اتائیوں پر پابندی لگائی گئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ تنخواہ کتنی وصول کر رہے ہیں؟چیئرمین ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ میری تنخواہ 5 لاکھ ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تنخواہ کی 5 لاکھ روپے اور کام صفر ہے۔ ایک ہفتے کے دوران مجھے اتائیوں کے خلاف کارروائی چاہیے ۔ کسی کو کوئی حکم امتناعی جاری نہیں کیا جائے ۔ دریں اثناءسپریم کورٹ نے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں سے پانی کے نمونے لے کر پنجاب میں ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔