راہول عوام سے معافی مانگیں، یوگی
لکھنؤ۔۔۔۔جج لویا معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ یوگی نے کہا کہ اس معاملے میں کانگریس کی بدنیتی ابھر کر سامنے آگئی ہے اور اس کیلئے کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی کو عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ یوگی نے کہا کہ کانگریس نے ملک میں ایسا ماحول بنانے کی کوشش کی ہے جس سے حکومت کے تئیں لوگوں میں منفی سوچ پیدا ہو ۔ عدالت عظمیٰ نے تمام شکوک و شبہات دور کردیئے۔ یہ کانگریس کی سازش کا انکشاف ہے۔ واضح ہو کہ عدالت عظمیٰ نے مرکزی تفتیشی ایجنسی ( سی بی آئی) کے اسپیشل جج بی ایچ لویا کی موت کے کیس کی آزادانہ تحقیقات کی تمام درخواستیں مستر کردیں۔چیف جسٹس دیپک مشرا ، جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ پر مشتمل بنچ نے یہ کہتے ہوئے اپیل خارج کردی کہ لویا موت کیس کی آزادانہ جانچ کی مانگ کرنے والی ان درخواستوں کی کوئی اہمیت نہیں۔