دبئی: نقاب میں خاتون کی ویڈیو بناکر مذاق اڑانے پر غیر ملکی سیاح گرفتار
’اجازت کے بغیر ویڈیو بنائی اور حجاب کو مذاق کا نشانہ بنایا‘ ( فوٹو: سبق)
دبئی پولیس نے ایک بانقاب خاتون کی ویڈیو بناکر اس کا مذاق اڑانے والی دو غیر ملکی سیاح خواتین کو حراست میں لے لیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دبئی پولیس نے کہا ہے کہ ’زیر حراست غیر ملکی سیاح مغربی خواتین ہیں‘۔
’انہوں نے ایک مقامی ریستوران میں ایک بانقاب خاتون کی جو اپنے شوہر کے ساتھ اسی ریستوران میں کھانا کھا رہی تھی، اس کی اجازت کے بغیر ویڈیو بنائی اور اس کے حجاب کو مذاق کا نشانہ بنایا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی‘۔
واضح رہے کہ ویڈیو شیئر کرنے اور مغربی سیاح کی طرف سے مذاق اڑانے پر سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
دبئی پولیس نے کہا ہے کہ ’مذکورہ مغربی سیاحوں نے ملک کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور اجازت کے بغیر ایک خاتون کی ویڈیو بنائی ہے‘۔
دبئی پولیس نے تاکید کی ہے کہ ریاست میں تمام مذاہب، عقائد اور افکار کا احترام کیا جاتا ہے اور دوسرے شخص کی تہذیب، ثقافت اور مذہب کو تنقید کا نشانہ بنایا یا اس کا تمسخر اڑانا جرم ہے۔