عکسبندی میں کتا برہم،اداکارہ کوکاٹ لیا
ہندوستانی ٹیلی وژن چینل کے ڈرامے ”کیا حال مسٹر پنچل“ میں پریما کا کردار نبھانے والی معروف اداکارہ رینا اگروال کے چہرے پر کتے نے کاٹ لیا ۔ذرائع کا کہناہے کہ اداکارہ رینا ٹی وی ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔کتے کے ساتھ ان کا ایک منظر عکسبندکیاجا رہا تھا کہ اس دوران کتے کو کسی بات پر اچانک غصہ آگیا اور اس نے اداکارہ کے چہرے پر کاٹ لیا تاہم جیسے ہی انہیں کتے نے کاٹا، وہاں موجود ذمہ دارلوگوں نے انہیں فوری ہسپتال پہنچایا۔اطلاعات کے مطابق کتے نے اداکارہ کو دائیں آنکھ سے ذرا سا نیچے کی جانب کاٹا ہے۔اسپتال میں معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے رینا اگروال کو چہرے پر ٹانکے لگوانے کا مشورہ دیاہے ۔بتایا گیا ہے کہ اداکارہ کو اب تک 5 انجکشن لگ چکے ہیں اور مزید انجکشن لگنا باقی ہیں۔رپورٹ میں واضح کیاگیا ہے کہ واقعے کے بعد سے رینا شوٹنگ میں حصہ نہیں لے رہی ہیں۔ انہیں صحت یاب ہونے میں 20 سے 30 دن لگ سکتے ہیں۔رینا نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر اپنی کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔رینا سے جب اس حادثے کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے خودبھی کچھ سمجھ نہیں آیا کہ کتے کو اچانک کیا ہوا اور اس نے میرے چہرے پر کیوںکاٹ لیا۔اس نے میری دائیں آنکھ کے نیچے کاٹاہے ۔ مجھے ڈاکٹروں نے ٹانکے لگوانے کا مشورہ دیا تھا۔ ابھی 5 انجکشن لگ چکے ہیں اور کچھ باقی ہیں۔ 4 دن گزر چکے ہیں میں شوٹنگ پر نہیں جا پارہی ۔ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ اس زخم کو ٹھیک ہونے میںکم از کم ایک ماہ لگ جائے گا۔