Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں نے یمن سے متعلق مغالطہ آمیز معلومات دے کر مغربی میڈیا کو بے وقوف بنا دیا، الجبیر

لندن..... سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے واضح کیا ہے کہ یمن سے متعلق مغالطہ آمیز معلومات دے کر حوثیوں نے مغربی میڈیا کو بے وقوف بنا دیا۔ وہ لندن کے رائل انسٹی ٹیوٹ میں لیکچر دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی آئینی حکومت کی بحالی کیلئے قائم عرب اتحاد پر ممنوعہ بم یمن میں استعمال کرنے کے الزامات بغیر سوچے سمجھے لگا دیئے گئے۔ حد تو یہ ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم بھی حوثیوں کے جھانسے میں آگئی۔ الجبیر نے کہا کہ ہم پر الزام لگایا گیا کہ برطانوی ساختہ چین بم یمن میں استعمال کئے گئے ہیں۔ میڈیا کئی ماہ تک یہ الزام دہراتا رہا۔ الجبیر نے کہا کہ اب ٹھنڈے دل دماغ سے اس ا لزام کی حقیقت بھی سن لی جائے۔ مملکت نے 1985 ءمیں مذکورہ بم برطانیہ سے خریدے تھے۔ 2005ءمیں یہ غیرموثر ہوگئے تھے۔ برطانیہ مذکورہ اسلحہ کے استعمال پر پابندی کے باعث انہیں موثر بنانے سے معذور ہوگیا تھا۔ ہمارے پاس ٹورنیڈو طیارے تھے یہ بھی برطانیہ سے خریدے گئے تھے۔ نیا گولہ بارود استعمال کرنے کے قابل بنانے کیلئے ان کے الیکٹرانک جنگی سسٹم میں ترمیم کردی گئی تھی۔ عادل الجبیر نے توجہ دلائی کہ اگر آپ کے پاس غیر موثر بم ہوں اور انہیں استعمال کرنے والا طیارہ موجود نہ ہو تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ مبینہ بم کیونکر ، کہاں اور کیسے استعمال کرلئے گئے؟ الجبیر نے کہا کہ جب بھی معاملہ سعودی عرب اور اتحادی ممالک کا ہوتا ہے تو میڈیا کے لوگ آنکھیں بند کرکے فراہم کردہ معلومات قبول کرلیتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ انتہائی مبالغے کے ساتھ ان کا پرچار بار بار کیا جاتا ہے۔ یہی چیز یہاں یمن کے حوالے سے بھی ہمارے ساتھ ہوئی ہے۔ 
 

شیئر: