فواد عالم آ جاو ٹیم منتظر ہے
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے میڈیا اور شائقین کی مسلسل تنقید پر گھٹنے ٹیکتے ہوئے قومی بیٹسمین فواد عالم کو متبادل کھلاڑی کے طور پر انگلینڈ بھیجنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ چیف سلیکٹرز اور بورڈ کے خلاف محاذ آرائی سے بچنے کیلئے سلیکشن کمیٹی نے یہ حکمت عملی بنائی ہے کہ آئرلینڈ اور انگلینڈ میں کسی متبادل کھلاڑی کی ضرورت پڑی تو فواد عالم کو بھیجاجائے گا۔ انضمام الحق ٹیم کادعویٰ رہا کہ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں فواد عالم سے بہتر کھلاڑی دیکھے ہیں لیکن چیف سلیکٹر نے نہ تو ان بہتر کھلاڑیوں کا نام بتایا اور نہ ہی انہیں اب تک ٹیم شامل نہ کرنے کا کوئی جواز فراہم کرسکے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام بھی اس تاثر کو ختم کرنا چاہتے ہیں کہ فواد عالم کے ساتھ ناانصافی ہو ئی ہے۔سلیکشن کمیٹی اور بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی اَن فٹ ہوتا ہے یا ٹیم انتظامیہ کسی کھلاڑی کا متبادل طلب کرتی ہے تو فواد عالم کو فوری طور پرانگلینڈ روانہ کیا جائے جبکہ وہ اس دوران ممکنہ طور پر انگلینڈ ہی میں ہو سکتے ہیں۔فواد عالم نے انگلش لیگ میں شرکت میں ویزے کیلئے ہائی کمیشن کو درخواست دے دی ہے۔فواد عالم کئی سال سے لنکا شائر کے ایک کلب سے منسلک ہیں۔