بدھ 25اپریل 2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”الریاض“ کا اداریہ
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آئندہ ہفتے القدیہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ اقدام کرکے وہ سعودی وژن 2030کے نفاذ کو جاری رکھنے کے سعودی عزم کا اظہار کرینگے۔ یہ منصوبہ سرمایہ کاروں اورسعودی کمپنیوں کو مسابقت کا زریں موقع فراہم کریگا۔ اسکی بدولت دیو ہیکل منصوبے مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اشتراک سے روبعمل آئیں گے۔ اس کی بدولت سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کو نئی ملازمتوں کے شاندار مواقع حاصل ہونگے۔ اسکی بدولت متعدد صنعتوں کے دروازے کھلیں گے۔
القدیہ منصوبے سے سعودی وژن 2030کی اسکیموں کو تقویت پہنچے گی۔ یہ منصوبہ نہ صرف یہ کہ سعودی عرب میں پرکشش تفریحات کا محور بنے گا بلکہ خلیج اور عرب ممالک کے باشندوں کو بھی اپنی جانب مائل کریگا۔ بڑی بڑی عالمی کمپنیاں اسکا رخ کرینگی۔
سعود ی وژن 2030 ءنے یہ حقیقت واضح کررکھی ہے کہ ثقافت اور تفریح عمدہ زندگی کے تشکیلی عناصر ہیں۔فی الوقت ملک میں جو تفریحی اور ثقافتی امکانات پائے جاتے ہیں وہ مقامی شہریوںاور مقیم غیر ملکیوں کی ا منگوں پر پورے نہیں اتر رہے ۔ یہ خوشحال اقتصادی صورتحال سے بھی ہم آہنگ نہیں۔ اسی بنیاد پر القدیہ کی شکل میں جامع تفریحی و معاشی منصوبے کا پروگرام بنایا گیاہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭