بیوی کے کمرے میں اے سی لگانے کا حکم
جمعرات 26 اپریل 2018 3:00
غازی آباد۔۔۔۔ آئی سی آئی سی آئی بینک کی شاخ کے منیجر کی اہلیہ نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے شکایت کی کہ سسرال والے بانجھ کہہ کر طعنے دے رہے ہیں، گھر میں رکھنے کو تیار نہیں ، سرونٹ کوارٹر میں رہنے پر مجبور کررکھا ہے جہاں نہ پانی ہے نہ بجلی ۔شوہر والدین کے اشارے پر ہراساں کررہا ہے۔گزربسر کیلئے ہر ماہ 10ہزار روپے دلانے کی عدالت سے فریاد کی۔دوسری جانب شوہر نے بھی بیوی سے طلاق لینے کیلئے عدالت میں مقدمہ دائر کردیا ۔ عدالت نے معاملے کی سماعت کے دوران بینک منیجر شوہر کو طلب کیا۔ اس نے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ بیوی نافرمانی کرتی ہے۔خاندان کے لوگوں کی عزت نہیں کرتی لہذا طلاق چاہتا ہوں۔کورٹ نے شوہر کی باتیں اور دلیلیں مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ بیوی کے کمرے میں اے سی لگوایا جائے،ساتھ ہی ہر ماہ کی 10تاریخ کو 10ہزار روپے گزارے کے طور پر ادا کئے جائیں ۔بیوی کے ساتھ ادب و احترام سے پیش آئیں۔ عدالت نے خاندانی مشاورت مرکزکی کانسٹیبل شاردا کو بھی حکم دیا کہ وہ ہر ہفتے خاتون کے گھر جاکر وہاں کے حالات سے عدالت کو آگاہ کریں۔