سائیکلنگ ، ہر عمر کے افراد کے لیے بہترین ورزش
ماہرین سائیکلنگ کو بہترین جسمانی ورزش کے طور پر تسلیم کرتے ہیں جو اچھی صحت یقینی بنانے کے ساتھ ہر عمر کے افراد کے لئے ضروری ہے۔ بڑھتے وزن سے پریشان افراد وزن میں کمی کے لئے ہزار جتن کرتے نظر آتے ہیں . سائیکلنگ وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے بہترین ورزش ہے۔یہ ورزش جسم میں موجود زائد کیلوریزکو جلانے میں مفید ثابت ہوتی ہے اور خون کی وریدوں میں چربی کو جمع ہونے سے روکتی ہے۔ جس کے ذریعے کولیسٹرول کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔بائیسکل چلانے سے پورے جسم میں خون کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے جسکے باعث انسان جسمانی طور پر زیادہ فٹ رہتا ہے۔ایوری ڈے ہیلتھ میں شائع کئے گئے ایک مضمون کے مطابق فی گھنٹہ سائیکل چلانا 300 سے زائدکیلوریز کو جلانے میں مدد دیتا ہے۔ اسکے علاوہ سائیکلنگ جوڑوں کے درد ،پاؤں کے مسائل اور کمر درد جیسے مسائل سے نجات دلانے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے سائیکل چلانا مسلز کو مضبوط بنانے کے لیے انتہائی مفید ہے۔ ایک سروے کے نتائج میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ حالیہ برسوں میں نئے چیلنجز کا سامنا ہونے کی صورت میں سائیکلنگ ، بائیکنگ کا شوق اور میلوں دور اکیلے سفر کرنا تمام عمر کے افراد میں اعتماد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔