لندن .... لوگوں کی غیر ارادی عادات کے حوالے سے کئے گئے حالیہ سروے کے مطابق برطانیہ میں ایسے لوگوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے جو نیند کی حالت میں اپنے دانت باقاعدگی سے بجاتے رہتے ہیں ا ور انہیں اسکا احساس تک نہیں ہوتا۔ ماہرین کا کہناہے کہ غیر ارادی طور پر دانت بجنے کی کیفیت عورتوں میں کچھ زیادہ ہی نظر آتی ہے تاہم یہ صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہے کیونکہ اسکی وجہ سے نہ صرف یہ کہ پیٹھ میں تکلیف ہونے لگتی ہے بلکہ گردن بھی اکڑ سکتی ہے۔ نیز کندھے اور پٹھے بھی تکلیف دینے لگتے ہیں۔ لندن کے ممتاز ڈینٹل سرجن ڈاکٹر شیوانی پاٹل نے کہا ہے کہ ایسی عادتیں بالعموم جینیاتی خلل کا بھی نتیجہ ہوتی ہیں۔ مگر اس سے پوری صحت متاثر ہوتی ہے۔ ڈاکٹر پاٹل کے مطابق اس مرض سے نجات کیلئے ضروری ہے کہ تھوڑی بہت ورزش کے ساتھ قدرے محنت مشقت کا کام بھی کیا جائے اور ہفتے میں ایک بار کسی کھلی جگہ پر بیٹھ کر کھانا کھایا جائے۔ ڈاکٹروں کا کہناہے کہ گردن اکڑ جانے سے آدھے سر کا درد بھی شروع ہوجاتا ہے۔