آندھرا: 13 گھنٹوں میں 36 ہزارمرتبہ بجلی گرنےسے 9 افراد ہلاک
حیدرآباد- - - - ریاست آندھرا پردیش کے حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو محض 13 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 749 بار آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ریکارڈ کئے گئے ۔ آسمانی بجلی گرنے کی زد میں آنے سے بچی سمیت 9 افراد ہلاک ہوئے۔ریاستی ایمرجنسی سینٹر کے سربراہ کشن سنکو نے بی بی سی کو بتایا کہ عام طور پرمانسون سے قبل اس علاقے میں بجلی گرنے کے واقعات رونما ہوتے ہیں تاہم منگل کو بجلی گرنے کے 30 ہزار واقعات ریکارڈ کئے گئے۔محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی حدت میں اضافے کے باعث بجلی گرنے کے واقعات میں اضافہ ہو ا۔کشن سنکو نے کہا کہ بحیرہ عرب کی سرد ہواؤں کا شمالی ہواؤں سے ٹکرانے سے زیادہ بادل بنےجس کی وجہ سے بجلی گرنے کے واقعات رونما ہوئے۔ہند کے نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے مطابق ملک میں 2005 سے ہر سال 2 ہزار افراد بجلی گرنے کے باعث ہلاک ہوجاتے ہیں۔ امریکہ میں ہر سال بجلی گرنے سےتقریبا 27 افراد کی موت واقع ہوتی ہے۔کشن سنکو نےسوشل میڈیا پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بارش کے موسم میں کھلے میدان اور وادیوں میں جانے سے گریز کریں۔