چائے والے کا بیٹا آئی اے ایس افسربن گیا
جے پور۔۔۔۔راجستھان کے جیسلمیر کے رہنے والے دیشل دان نے آئی اے ایس میں 82ویں پوزیشن لیکر اپنے گھر ، خاندان ، علاقے اور ضلع کا نام روشن کیا ۔ دیشل دان کے والد چائے کی دکان چلاتے ہیں۔ اس لڑکے نے ثابت کردیا کہ بھلے ہی وسائل میسر نہ ہوں لیکن کامیابی کیلئے جنون ضروری ہوتا ہے نہ کہ پیسے۔ دیشل دان کی پڑھائی کیلئے ان کے والد نے پیسے کی کمی پڑنے پر مجبوراً سود پر پیسے لیکر بیٹے کی تعلیم جاری رکھی۔ اب وہ محنت رنگ لائی۔دیشل بچپن سے ہی پڑھائی میں اچھی پوزیشن سے کامیابیاں حاصل کرتا رہا اور والد نے ہر موڑ پر اس کی مدد کی۔ دیشل دان کے آئی اے ایس منتخب کئے جانے کی خبر ملتے ہی گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور محلے میں جشن کا ماحول برپا ہوگیا۔دوستو ںاورعزیزو اقارب کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ واضح ہو کہ جیسلمیر کے چونگی ناکہ چوک پر چائے کی دکان چلانے والے کشل دان نے سخت محنت کرکے دیشل دان کی پرورش کی۔ دیشل نے بتایا کہ میرا خواب تھا کہ میں آئی اے ایس افسر بن کر اپنے گھر والوں اور خاندان کا نام روشن کروں۔آج اس خواب کی تعبیر مل گئی۔میری کامیابی پر آج پورا گاؤں میری خوشی میں شریک ہے۔