واشنگ مشینیں جرابیں نگل لیتی ہیں، خاتون خانہ نے سراغ لگالیا
سینٹ مورینا ، کیلیفورنیا.... یہاں رہنے والی ایک خاتون کیتھی ہنز نے یہ انکشاف کرکے سب کو حیرت میں ڈالدیا ہے کہ انکے گھر سے جرابیں اور چھوٹی موٹی چیزیں اکثر غائب ہوجاتی تھیں اور جن کا سراغ بھی تلاش کے باوجود نہیں ملتا تھا اب انہوں نے اسے ڈھونڈ لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہاں پراپرٹی ڈیلر کے طور پر کام کرنے والے میاں بیوی عرصے تک پریشان رہے کہ آخر گھر سے یہ چیزیں کہاں غائب ہورہی ہیں مگر جب مشین کی خرابی کی بات سامنے آئی تو واشنگ مشین کو کھول کر دیکھا گیا اور اندرونی حصہ کھلتے ہی وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ مشین کے خفیہ خانے میں ساری گمشدہ چیزیں موجود ہیں۔ یہ خبر اور اس حوالے سے جاری ہونے والی وڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی ہے اور اسے دیکھنے والے ہزاروں افراد نے اپنی گمشدہ جرابوں وغیرہ کا تذکرہ بڑے مضحکہ خیز انداز میں کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنی مشینیں کھول کر ان چیزوں کو تلاش کرینگی۔ گھریلو تصرفات کے حوالے سے ماہرین اکثر کہتے رہے ہیں کہ بہت سی چھوٹی بڑی چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو غائب ہوجائیں تو انہیں ڈھونڈنا ناممکن ہوجاتا ہے تاہم جرابوں کے تہ خانے میں موجود گمشدہ چیزوں کی خبر سے بہت سے لوگوں کو حوصلہ ہوا ہے اور انکا کہناہے کہ اب ہم اپنی غائب ہونے والی چیزوں کے حوالے سے کسی پر شک کرنے کے بجائے اپنی مشینوں کو چیک کرینگے۔