چنئی سپر کنگز کی آئی پی ایل میں اول پوزیشن
پونے: اوپنر شین واٹسن کے40گیندوں پر78رنز اور کپتان مہندر سنگھ دھونی کی ایک اور عمدہ اور ناقابل شکست اننگز کی بدولت چنئی سپر کنگز نے دہلی ڈیر ڈیولز کو13رنز سے شکست دے کرانڈین پریمیئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی۔ دھونی نے 22گیندوں پر5چھکوں او2چوکوں کی مدد سے 51رنز بنائے اور ان کے ساتھ شین واٹسن بھی 7چھکے لگاتے ہوئے نمایاں رہے ۔ امباٹی رائیڈو نے 41جبکہ فاف ڈو پلیسس نے33رنز کا حصہ ڈالتے ہوئے مجموعی اسکور کو 211رنز تک پہنچانے میں مدد فراہم کی جبکہ چنئی سپر کنگز کی4وکٹیں گریں جن میں امباٹی رائیڈو رن آؤٹ ہوئے۔212رنز کا بڑے ہدف کا دہلی کی ٹیم نے اچھے انداز میں تعاقب کیا لیکن رنز کی مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکنے کی وجہ سے فتح سے 14رنز کے فاصلے تک ہی پہنچ سکے۔وکٹ کیپر رشبھ پنت79 اور وجے شنکرناقابل شکست54رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ اوپنر کولن منرو نے26رنز کی اننگز کھیلی۔دہلی ڈیر ڈیولز 5وکٹوں کے نقصان پر198رنز بنا کر13رنز سے شکست کھا گئے۔ شین واٹسن اپنی شاندار اننگز کی بدولت مین آف دی میچ ایوارڈ کے مستحق قرار پائے۔