مافیا ڈان چھوٹا راجن پر فرد جرم عائد
ممبئی۔۔۔۔ممبئی میں 7سال سے قائم جے ڈے قتل کیس میں سماعت کرتے ہوئے مکوکا عدالت نے مافیا ڈان چھوٹا راجن پر فرد جرم عائد کردیا جبکہ صحافی جگنا وورا کو بری کردیا۔سزاکے فیصلے پربحث کے دوران سرکاری وکیل نے کہا کہ چھوٹا راجن کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔جے ڈے کا قتل کسی شخص پر نہیں بلکہ ملکی آئین اور آزادی پر حملہ ہے۔سرکاری وکیل کی بحث مکمل ہونے کے بعد وکیل صفائی نے کہا کہ عدالت آج سزا کا فیصلہ سنائیگی۔چھوٹا راجن اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہے۔ اسے وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ چھوٹا راجن پر الزام ہے کہ اس نے اپنے خلاف لکھے گئے مضمون پر طیش میں آکر صحافی جے ڈے کا قتل کروایا تھا۔
٭جے ڈے قتل کی کہانی:
2011ء میں ممبئی کے پوئی علاقے میں رہنے والے سینیئر صحافی جیوتی ڈے کے انگریزی اخبار مڈ ڈے سے منسلک تھے۔وہ اپنی موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ مافیا ڈان کے شوٹرز نے انہیں فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ اس قتل میں ملوث چھوٹا راجن کو پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔
٭چھوٹا راجن کون ہے؟
چھوٹا راجن کا اصلی نام راجندر سدا شیو نکھل جے ہے۔ وہ ممبئی کے علاقے چمبور میں دلت گھرانے میں پیدا ہوا ۔پڑھنے لکھنے کے بجائے جرائم کی دنیا میں قدم رکھا۔اس کے والد میونسپلٹی میں ملازم تھے۔ اس کے خواب انتہائی اونچے ہونے کی وجہ سے وہ داؤد ابراہیم کا قریبی دوست بن گیا تھا ۔بعض وجوہ کے باعث دونوں میں اختلافات پیدا ہوگئے۔بعد ازاں چھوٹا راجن نے اپنا علیحدہ گروپ بناکر خوف و دہشت کی دنیا قائم کررکھی تھی۔