مختار عباس نقوی نے کیا سفر حج سستا ہونے کا دعویٰ
نئی دہلی۔۔۔۔اقلیتی امور کے مرکزی وزیر محتار عباس نقوی نےکہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حجاج کرام کے نقل و حمل اور رہائش کیلئے پرانے معاہدے کو منسوخ کردیا گیا ۔نئے معاہدے سے ہندوستانی عازمین حج کو تقریباً28کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔نقوی نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں قیام کیلئے پہلے فی حاجی 950ریال تھا ، نئے معاہدے کے بعد 900ریال طے پایا۔ اسی طرح نقل و حمل کے اخراجات میں فی حاجی 63ریال کی کمی ہوئی۔ٹرانسپورٹ کی مد میں بھی کمی لائی گئی۔نقوی نے بتایا کہ امسال ہندوستانی عازمین حج کی تعداد 1.75لاکھ ہے جو آزادی کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ ان میں1300خواتین بغیر محرم حج کرینگی۔ خواتین کی سہولت کیلئے خواتین سیکیورٹی عملہ طیارے میں تعینات ہوگا۔بحری راستے سے سفر حج پر روانگی سے متعلق سوال کے جواب میں بتایا کہ2019سے بحری راستے سے سفر حج کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ممبئی سے جدہ کا فاصلہ 2ہزار 330ناٹیکل میل ہے جو بحری جہاز سے 4، 5دن میں طے کیا جاسکتا ہے۔